کورونا کے خلاف جنگ میں امریکہ نے اہم سنگ میل عبور کر لیا، امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ

 کورونا کے خلاف جنگ میں امریکہ نے اہم سنگ میل عبور کر لیا، امریکہ بھر میں کورونا کے کیسز میں کمی ریکارڈ ہونے کے بعد امریکی صدر نے جمعرات تک ملک کو دوبارہ کھولنے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے کورونا کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں معمول کی پریس کانفرنس میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دکھائی نہ دینے والے دشمن کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، نئے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ امریکہ میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر نے لاک ڈاؤن اٹھانے کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حوصلہ افزا پیشرفتوں نے ملک کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ریاستوں کے رہنما خطوط کو حتمی شکل دینے کے لے ہمیں ایک بہت مضبوط پوزیشن میں پہنچایا ہے۔

پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک میں نئے کیسز کی تعداد میں خاطرخواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وائرس سے متاثرہ 29 ریاستوں میں اہم پیشرفتوں کی خبریں ہیں اور یہ ریاستیں بہتری کی علامات ظاہر کر رہی ہیں۔ امریکہ میں کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث بند ملک کو کب اور کیسے کھولنا ہے اس کے بارے میں متعلقہ گورنرز کو جمعرات تک ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔
 
کورونا کے خلاف جنگ میں امریکہ نے اہم سنگ میل عبور کر لیا، امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ