کین سائنو ویکسین نے سخت ترین کوالٹی ٹیسٹ پاس کرلیے، ویکسین کی فارمولیشن اورپیکنگ چائنا کے تعاون سے ممکن ہوئی



 پاکستان اپنی ویکسین کی کھیپ تیار کرنے میں کامیاب، کین سائنو ویکسین نے سخت ترین کوالٹی ٹیسٹ پاس کرلیے، ویکسین کی فارمولیشن اورپیکنگ چائنا کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم  کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے قوم کو کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں حاصل کی گئی بڑی کامیابی کے حوالے سے خوشخبری سنائی ہے۔




سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فیصل سلطان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس ویکسین کی پہلی کھیپ تیار کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کین سائنو ویکسین کی فارمولیشن اورپیکنگ پر قومی ادارہ صحت کی ٹیم کومبارکباد دی۔ جبکہ مزید بتایا کہ فارمولیشن اورپیک کی گئی ویکسین نے سخت ترین کوالٹی ٹیسٹ پاس کرلیے، یہ ہماری ویکسین سپلائی لائن کیلئے اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں ویکسین کی فارمولیشن اورپیکنگ کین سائنو بائیو چائنا کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ پاکستان میں تیار چینی ویکسین سائنو ویک کو پاک ویک کا نام دیا گیا ہے۔ ویکسین کی کھیپ کی تیاری کے حوالے سے وزرات قومی صحت کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں تیار شدہ کرونا ویکسین ’پاک ویک‘ استعمال کے لیے رواں ہفتے دستیاب ہوگی۔

این سی او سی کو کرونا ویکسین سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ واضح رہے کہ ملک میں کرونا ویکسین کی تیاری کے حوالے سے وزارت صحت کی جانب سے 5 مئی کو اہم ٹوئٹ کیا گیا تھا۔